موٹر سائیکلوں اور کاروں کیلئے پٹرول مہنگا کرنے پر غور

موٹر سائیکلوں اور کاروں کیلئے پٹرول مہنگا کرنے پر غور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (علی رامے) مہنگائی کے ستائے عوام پر نیا بوجھ ڈالنے کی تیاریاں، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی اورنج لائن ٹرین اور میٹروبس پر حکومتی سبسڈی کم کرنے کیلئے عوام پر گیسولین ٹیکس عائد کرنے کی تجویز، شہریوں سے فی لیٹر پٹرول پر 1 سے2 روپے گیسولین ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے پبلک ٹرانسپورٹ کو پروموٹ کرنے کی انوکھی منطق پیش کردی جس میں شہریوں پر نیا ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے لاہور شہر کی حدود میں پٹرولیم مصنوعات کے نام پر شہریوں سے نیا ٹیکس وصول کرنے کی سفارشات حکومت کو ارسال کردی ہیں، جس میں لاہور شہر میں پٹرول 1 سے 2 روپے تک مہنگا کرکے شہریوں سے گیسولین ٹیکس وصول کیا جائے گا۔

 ذرائع کے مطابق گیسولین ٹیکس سے ہر وہ شہری جو پٹرول پمپ کا رخ کرے گا، اسے پٹرول 1 سے 2 روپے اضافی قیمت پر ملے گا، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے یہ ٹیکس لاہور، راولپنڈی اور ملتان شہر میں عائد کرنے کی تجویز دی ہے، جس کا مقصد شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال پر مائل کرنا اور حکومت کے سبسڈی کی مد میں ہونے والے اخراجات میں کمی کرنا ہے۔

 اعدادوشمار کے مطابق حکومت ماس ٹرانزٹ سروسز پر سالانہ 12 ارب روپے سے زائد کی سبسڈی دے رہی ہے جس میں صرف اورنج ٹرین پر 8 ارب روپے کی سبسڈی ہے۔

 دوسری جانب جی ایم ماس ٹرانزٹ اتھارٹی عزیر شاہ کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی طرز پر یہ ٹیکس لینے کی ابھی تجویز ہے، ان کی طرف سے پہلے بھی اور اب بھی لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں گیسولین ٹیکسز کے نفاذ کیلئے سفارشات حکومت کو ارسال کی گئی ہیں، ان سفارشات پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

 عزیر شاہ کا مزید کہنا کہ اس ٹیکس سے وہ سالانہ ایک ارب روپے سے زائد کی رقم وصول کر کے حکومت کا ماس ٹرانزٹ  پر سبسڈی کی مد میں آنے والے اخراجات کا بوجھ ختم کرسکتے ہیں۔

مہنگائی کی چکی میں پسی عوام پر "گیسولین ٹیکس" کے نام پر پیش کی گئی، ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی یہ تجویز اگر حکومت منظور کرتی ہے تو اس سے شہریوں پر سالانہ ایک سے ڈیڑھ ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا.

Sughra Afzal

Content Writer