تین روزہ لاہور لٹریری فیسٹیول اختتام پذیر

تین روزہ لاہور لٹریری فیسٹیول اختتام پذیر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشادحسین ) تین روزہ آٹھواں لاہور لٹریری فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا، سیاسی، سماجی اور ادبی شخصیات نے ادب کے فروغ کیلئے ایسے میلوں کے انعقاد کو ناگزیر قرار دے دیا۔

الحمرا ہال میں جاری تین روزہ ادبی میلے کے آخری روز بھی بڑی تعداد میں ادبی، سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی اور فکری ترقی کیلئے ملکی ثقافت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ادب کے فروغ پر ضرور دیا۔

آخری روز ڈیجیٹل ٹرمپ پرنٹس کے موضوع پر نشست میں قومی ایشوز پر میڈیا آؤٹ لیٹس اور سوشل میڈیا کے کردار پر مکالمہ ہوا تو سینئر صحافی عارف نظامی، اینکر پرسن منیزے جہانگیر، ظفر صدیقی، مریم چودھری اور بے نظیر شاہ نے اظہار خیال کیا۔

الحمرا ہال ٹو میں افغانستان میں امن کے موضوع پر خصوصی نشست میں ولی نصر، ریاض محمد خان اور احمد راشد نے اظہار خیال کیا جبکہ اجتماعی ذہانت کے زوال کے موضوع پر عارفہ سیدہ زہرہ، وجاہت مسعود اور اصغر ندیم سید کے مابین مکالمہ ہوا۔

ایل ایل ایف کے آخری روز وارث شاہ پر فلمائے گئے ڈرامہ میں فنکاروں نے خوب ثقافتی رنگ بکھیرے۔ الحمرا کے تمام ہالز ادبی بیٹھک کے مرکز بنے رہے تو لان میں قوال حضرات نے پرفارم کیا۔

لاہور ادبی میلے میں جہاں بڑوں کیلئے ادبی اور  ثقافتی سیشنز کا اہتمام کیا گیا وہیں بچوں میں شعور بیدار کرنے کیلئے بھی مختلف تقاریب منعقد ہوئیں جبکہ خواتین کے حقوق کیلئے عورت مارچ کی لڑکیوں نے بھی خاکہ پیش کیا۔

ثقافتی، ادبی اور علمی رنگ بکھیرتا لاہور لٹریری فیسٹیول اختتام پذیر ہوگیا، جہاں مقررین نے طے شدہ موضوع پر کھل کر اظہار خیال کیا اور حاظرین کی خوب داد سمیٹی۔