(حافظ شہباز علی) اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پی ایس ایل فائیو میں اپنی فتوحات کا کھاتہ کھول لیا، سلطانز کھیل کے تینوں شعبوں میں کوئی بڑی کارکردگی نہ دکھا سکے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل فائیو میں پہلی کامیابی حاصل کرلی، اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو آٹھ وکٹوں سے شکست دی،، قذافی سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں دونوں ٹیموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے ملتان سلطانز نے پہلی اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے، ذیشان اشرف نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جیمز وینس 42 جبکہ شان مسعود 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے عماد بٹ نے چار، فہیم اشرف نے دو جبکہ محمد موسیٰ، عاکف جاوید نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 165 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، لیوک رونکی 74، کولن منرو 50 اور ڈیوڈ میلان 35 رنز بناکر نمایاں رہے، ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی اور محمد الیاس نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ میں عمدہ کارکردگی پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، اسلام آباد یونائیٹڈ لیگ کے تیسرے میچ میں لاہور قلندرز کے مدمقابل آئے گی.