علی رامے:پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) لاہور کے مالی معاملات پر سپیشل آڈٹ کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپیشل آڈٹ مکمل ہونے کے بعد ہی پی ایچ اے لاہور کو گرانٹ اور فنڈز جاری کیے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایچ اے لاہور کے لیے 2 ارب 44 کروڑ روپے کی اصولی منظوری دی گئی ہے، تاہم فنڈز کی فراہمی کو سپیشل آڈٹ سے مشروط قرار دے دیا گیا ہے۔ نان ڈویلپمنٹ مد میں یہ رقم تین اقساط میں جاری کی جائے گی، جس میں ہر قسط 81 کروڑ روپے پر مشتمل ہو گی۔
حکام کے مطابق سپیشل آڈٹ کے ذریعے مالی شفافیت اور نظم و ضبط کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ سرکاری وسائل کا درست اور مؤثر استعمال ممکن ہو سکے۔ آڈٹ رپورٹ کی روشنی میں آئندہ مالی امور سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے پی ایچ اے لاہور کو پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ (پی اینڈ ڈی) بورڈ سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے، تاکہ ترقیاتی فنڈز قواعد و ضوابط کے مطابق حاصل کیے جا سکیں۔
حکام کے مطابق یہ اقدامات ادارے میں مالی نظم و نسق بہتر بنانے اور عوامی وسائل کے تحفظ کے لیے کیے جا رہے ہیں۔