ویب ڈیسک: دنیا بھر میں مقبول ویڈیو گیمز بنانے والے معروف گیم ڈویلپر اور انڈسٹری کی نمایاں شخصیت ونس زیمپیلا امریکا میں پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے.
مقامی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق، ونس زیمپیلا شمالی لاس اینجلس کے ایک قدرتی مناظر سے بھرپور علاقے میں اپنی فیراری کار چلا رہے تھے کہ اچانک ان کی گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کے نتیجے میں ونس زیمپیلا موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
ونس زیمپیلا نہ صرف ایک کامیاب گیم ڈویلپر تھے بلکہ ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت وہ ایک نمایاں ایگزیکٹو بھی تھے۔ ان کے زیرِ قیادت مختلف اسٹوڈیوز نے دنیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیمز تخلیق کیں، جن میں کال آف ڈیوٹی جیسے عالمی شہرت یافتہ گیمز شامل ہیں۔
ونس زیمپیلا کی اچانک موت نے عالمی گیمنگ انڈسٹری میں سوگ کی لہر دوڑا دی ہے۔ گیمنگ کے شائقین اور ماہرین ان کی بے شمار خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں یاد کر رہے ہیں۔ ان کی خدمات نہ صرف گیمنگ کی دنیا بلکہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں بھی ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔