ویب ڈیسک :وفاقی حکومت نے 25 دسمبر کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے جس کے باعث بینک بھی بند رہیں گے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 25 دسمبر بروز جمعرات کو بانیٔ پاکستان قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش اور کرسمس کے موقع پر عام تعطیل ہوگی۔ اس دوران تمام کمرشل بینک، ترقیاتی مالیاتی ادارے اور مائیکروفنانس بینک بھی بند رہیں گے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ بینکاری نظام سے منسلک تمام دفاتر اور ادارے تعطیل کے باعث معمول کی سرگرمیاں انجام نہیں دیں گے، تاہم آن لائن اور ڈیجیٹل بینکاری سروسز حسبِ معمول دستیاب رہیں گی۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بینکنگ سے متعلق ضروری امور 25 دسمبر سے قبل نمٹا لیں تاکہ کسی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔