اپ گریڈیشن اور تعمیرِ نو مشن؛محسن نقوی کے پانچ ہسپتالوں کے نان سٹاپ وزٹ، اہم ڈیڈ لائنیں دے دیں

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے :وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور کے ہسپتالوں کی حالت سنوارنے کے لئے جاری تعمیراتی کاموں کو  اپنے ویژن کے مطابق بروقت مکمل کروانے کے لئے پانچ ہسپتالوں کے نان سٹاپ وزٹ کر کے  تعمیر نو اور اپ گریڈیشن مکمل کرنے کے لئے اہم ڈیڈ لائنز  دے دیں۔ ہسپتالوں کے طوفانی دوروں کے دوران محسن نقوی نے اپنے ساتھیوں اور  بیوروکریٹس کو تھکا دیا لیکن خود ہمیشہ کی طرح تازہ دم اور پر عزم ہیں۔ سروسز،پی آئی سی،میو ہسپتال اور لیڈی ولنگڈن ہسپتال کے بعد  پنجاب ڈینٹل ہسپتال پہنچ گئے۔  

پنجاب ڈینٹل ہسپتال میں تعمیراتی کام 15 جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت
وزیراعلی محسن نقوی نے پنجاب ڈینٹل ہسپتال  وزٹ کے دوران براہ راست زیر تعمیر ایریا میں پہنچ کر اپ گریڈیشن کے ضمن میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے پنجاب ڈینٹل ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے پلان پر پیش رفت کا تفصیل سے جائزہ لینے کے بعد تمام کام 15جنوری تک مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلی محسن نقوی نے ڈینٹل سرجری کے آلات کے لئے سٹیٹ آف دی آرٹ سٹرلائزیشن روم بنانے کا حکمدے دیا۔انہوں نے ہسپتال میں نکاسیِ آب کے مسئلہ کو حل کرنے کے لئے ایم ڈی واسا کوڈینٹل ہسپتال میں نکاسی آب کا بہترین انتظام کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے ہسپتال میں موجود خستہ ہو چکا پرانا واٹرٹینک مسمار کرکے نیا واٹر ٹینک بنانے کا حکم بھی دیا۔

 لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو کا جائزہ، بوسیدہ ہو چکی پرانی عمارت جلد گرانے کا حکم 

پنجاب ڈینٹل ہسپتال جانے سے پہلے نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی  لیڈی ولنگڈن ہسپتال گئے جہاں ان کی ہدایت پت ہسپتال کی تعمیرِ نو کا کام تیزی سے جاری ہے۔

وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی لیڈی ولنگڈن ہسپتال پہنچنے کے بعد وقت ضائع کئے بغیرہسپتال کی تعمیر نو کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے مختلف حصوں میں جاری کاموں کا مشاہدہ کیا ۔ایف ڈبلیو او کے کرنل جمال نے انہیں تعمیر نو پروجیکٹ پر جاری کام کی صورتحال کے بارے میں مفصل بریفنگ دی۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی بوسیدہ ہو چکی پرانی عمارت کو بھی جلد گرانے کا حکم دیا۔

 لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیر نو کا جائزہ لینے سے پہلے وزیر اعلیٰ پنجاب نے سروسز اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کاور اس کے بعد میو ہسپتال کا بھی دورہ کیا، محسن نقوی نے تینوں ہسپتالوں کے اپ گریڈیشن پراجیکٹس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے تینوں پراجیکٹس کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ 

میو ہسپتال کا  ایمرجنسی بلاک 7 جنوری تک کھولنے کا حکم، لانز کی درستگی کے لئے پی ایچ اے کو ہدایت

وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے اپنے  میو ہسپتال میں طویل دورے کے دورے کے دوران ایمرجنسی بلاک کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا، اپ گریڈیشن پراجیکٹ تکمیل کے آخری مرحلے میں ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے ایمرجنسی بلاک کو 7 جنوری تک کھولنے کا حکم دیتے ہوئے تمام کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

  محسن نقوی نے ایمرجنسی بلاک میں جاری فنشنگ کے کاموں کا مشاہدہ کیا، ساتھ ہی میو ہسپتال کے  چلڈرن بلاک کا بھی دورہ کیا اور اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب پانچویں فلور تک گئے اور تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال کے لان کو درست کرنے کے لئے پی ایچ اے کو ہدایات جاری کیں۔ 

محسن نقوی نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ میو ہسپتال کے لان کو فی الفور درست کیا جائے۔ 

 پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا ایمرجنسی بلاک کا گراؤنڈ فلور 31 دسمبر تک کھولنے کی ہدایت

میو ہسپتال دورے سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے  پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کیا، جہاں محسن نقوی نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کا جائزہ لیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ایمرجنسی اور دیگر  فلورز کا تفصیلی دورہ کیا۔   محسن نقوی نے 31 دسمبر تک پی آئی سی کے ایمرجنسی بلاک کے گراؤنڈ فلور کو کھولنے کا حکم دیتے ہوئے 15 جنوری تک ہسپتال کی اپ گریڈیشن کو مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔ 

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے بائیو گیس کے کام کو آج رات تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت  کردی، ساتھ ہی تھرڈ فلور کو بھی آج ہی 100 فیصد محکمہ تعمیرات ومواصلات کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ 

وزیر اعلی محسن نقوی نے مین گیٹ کے قریب لیب کو لیکشن سنٹر بنانے کی ہدایت کی اور  اپ گریڈیشن پراجیکٹ کو اعلی معیار کے ساتھ مکمل کا  حکم دیا۔ 

 وزیر اعلیٰ پنجاب کا سروسز ہسپتال کا دورہ 

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی نے سروسز  ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ  کے ساتھ ساتھ  ہسپتال میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی ہسپتال کے مختلف فلورز پر گئے، بیسمنٹ کا بھی معائنہ کیا،جہاں سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور سیکرٹری صحت نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے بارے میں محسن نقوی کو بریفنگ دی۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب نے 31 جنوری تک اپ گریڈیشن پراجیکٹ مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے 3 شفٹ میں کام کرنے کا حکم دیا، محسن نقوی نے ہر شفٹ میں
 500۔ 500 لیبر فورس لگانے کی ہدایت کی۔  

  محسن نقوی نے کہا کہ صوبائی وزراء روزانہ رات کو وزٹ کر کے پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے پلستر کے دوران ٹائلز لگانے پر ناراضگی کا اظہار  کرتے ہوئے کہا کہ ٹائلز کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔