سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ "پچھلے سال مون سون سیزن میں دریاؤں کی گزرگاہوں اور سیلاب کی ممکنہ راستوں میں ناجائز تجاوزات تباہی کا باعث بنی۔ اس سال، اس مسئلہ کے حل کے لئے، پیشگی مؤثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت مون سون سیزن کی پیشگی تیاری اور موسمیاتی تغیرات کی وجہ سے ماحولیاتی خطرات سے نبرد آزما ہونے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعظم نے موسمیاتی خطرات سے بچاؤ کے لیے پیشگی وارننگ سسٹم کی مکمل طور پر فعال نہ ہونے پر شدید اظہار برہمی کیا اورجامع انکوائری کے احکامات دیے۔
غیر معمولی موسمیاتی تغیر اور بالخصوص گلوف سے بچاؤ کے لیے گلگت بلتستان میں نصب پیشگی وارننگ سسٹم کے مکمل طور پر فعال نہ ہونے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا اظہار برہمی، وزیر اعظم نے گزشتہ سال واضح ہدایات کے باوجود سسٹم کی غیر فعالیت اور متعلقہ اداروں کی غیر مؤثر کارکردگی پر انکوائری کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہاکہ متعلقہ اداروں کی نااہلی اور کارکردگی میں کمی کسی طور برداشت نہیں کی جائے گی۔عوام کی سہولت، خدمت اور خطرات سے بچاؤ کے لیےاقدامات تمام اداروں کا فرض العین ہےجسکی جواب دہی ہو گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے نقصان دہ اثرات سے متاثرہ ممالک میں سر فہرست ہے جس کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام وفاقی متعلقہ ادارے صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون اور ہم آہنگی سے پالیسی کے نفاذ میں درپیش تمام رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کریں۔ وزیراعظم کی ہدایت
وزیراعظم کی خصوصی ہدایت کی کہ "پچھلے سال مون سون سیزن میں دریاؤں کی گزرگاہوں اور سیلاب کی ممکنہ راستوں میں ناجائز تجاوزات تباہی کا باعث بنی۔ اس سال، اس مسئلہ کے حل کے لئے، پیشگی مؤثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔ مون سون کے دوران ممکنہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے تمام ادارے استعداد کار کو بڑھاتے ہوئے عوام کی سہولت کے لیے وسائل سے بڑھ کر کام کریں۔ پیشگی وارننگ سسٹم کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے لیے تمام ضروری انفراسٹرکچر کی فراہمی اور فعالیت کو یقینی بنانا ناگزیر ہے۔ وفاقی وزارت موسمیاتی تبدیلی اور پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ اور دیگر تمام متعلقہ ادارے صوبوں کی باہمی تعاون سے یکجا ہو کر موثر اقدامات دکھائیں۔
وزیراعظم نے خصوصی ہدایات دیں کہ تمام متعلقہ وزارتیں اور ادارے صوبوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی کے تحت عملی اقدامات اٹھائیں اور ٹھوس کارکردگی دکھائیں۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی نااہلی اور کارکردگی میں کمی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس کو چیئرمین این۔ڈی۔ایم۔اے، چیئرمین واپڈا اور وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وفا قی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت خزانہ اظہر بلال کیانی، چیئرمین این ڈی ایم اے، چیئرمین واپڈا اور تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدے داران نے شرکت کی۔