ملک اشرف : لاہور ہائیکورٹ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے طریقہ کار کیخلاف درخواست پر وفاقی حکومت کے جواب پر درخواست گزار کے وکیل کو جواب الجواب دینے کیلئے مہلت دے دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی درخواست پر سماعت کی جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور اسے کے طریقہ کار کو چیلنج کیا گیا ہے. وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد علی باجوہ نے جواب داخل کرا دیا اور موقف اختیار کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے رولز کے تحت کیا جاتا ہے. سرکاری وکیل نے استدعا کی کہ اسی نوعیت کی درخواست لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ کے روبرو زیر سماعت ہے. اسے بھی دو رکنی بنچ کو بجھوا دیا. درخواست گزار تنظیم کے وکیل اظہر صدیق نے درخواست کو دو رکنی بنچ میں منتقل کرنے کی مخالفت کی اور نشاندہی کی کہ دو رکنی بنچ میں پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کے بارے میں درخواست زیر سماعت ہے. وکیل نے بتایا کہ ابھی تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں مقرر کرنے طریقہ کار نہیں بتایا گیا. وکیل نے استدعا کی کہ جواب کا جائزہ لینے اور اس کا جواب داخل کرنے کیلئے مہلت دی جائے.