ویب ڈیسک: معروف ترک ڈیجیٹل کریئیٹر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ترکان آتائے نے حال ہی میں پاکستانی فیشن ڈیزائنر ماریہ بی کے خلاف سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ماریہ بی نے ان کے ساتھ پیشہ ورانہ بددیانتی کی اور ان کی خدمات کا مکمل معاوضہ ادا نہیں کیا۔
ترکان نے سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیوز میں بتایا کہ میں نے اپنی اسٹوریز میں پہلے بھی بتایا تھا کہ مجھے ماریہ بی نامی برانڈ کے ساتھ مسائل کا سامنا ہے، کئی لوگ سمجھ گئے تھے کہ یہ برانڈ ماریہ بی ہی ہوگا، 2025 میں انہوں نے ترکی میں شوٹ کے لیے مجھ سے دوبارہ رابطہ کیا، یہاں ترکی میں ہمیں شوٹ کے لیے جگہ، ماڈلز، اور دیگر چیزوں کا خرچ خود اٹھانا ہوتا ہے، اسی لیے میں نے ہر لباس کے حساب سے معاوضہ مانگا، میں نے انہیں کوٹیشن دی اور تمام میسجز میرے پاس موجود ہیں، میں نے ویڈیوز بنائیں، پوسٹ کیں اور اپنا کام مکمل کیا۔
ترکان نے مزید کہا کہ ماریہ بی نے مجھے ایک ہی بار رقم دی حالانکہ میں نے واضح طور پر ہر لباس کے عیوض معاوضہ طے کیا تھا بعد میں انہوں نے کہا کہ شاید کوئی غلط فہمی ہو گئی کیونکہ وہ انسٹاگرام ریلز کے حساب سے ادائیگی کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب 3 ماہ ہو چکے ہیں اور وہ میرا وقت ضائع کر رہے ہیں، مجھے بےوقوف بنا رہے ہیں، یہ میرے پیسے ہیں، اور مجھے پورا حق ہے کہ میں ان سے جو چاہوں کروں، میں دوبارہ کبھی ان کے ساتھ کام نہیں کروں گی، ان کا رویہ نہایت غیر پیشہ ورانہ ہے۔
ترکان نے انسٹاگرام پر مزید انکشافات کرتے ہوئے کہا کہ ماریہ بی نے میرے خلاف اسٹوریز شیئر کیں لیکن ماریہ باجی! آپکی آواز بہت اونچی ہے، میں سب سُن رہی ہوں، میرے پاس ہماری پوری چیٹ کے ثبوت موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب میں نے ان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ یہ معاملات ان کا مینیجر دیکھتا ہے، میرے شوہر نے بھی ان سے بات کی لیکن بعد میں انہوں نے اپنے تمام پیغامات ڈیلیٹ کر دیے، میں وہ اسکرین شاٹس بھی یہاں شیئر کروں گی، اگر آپ صحیح تھیں تو اپنے پیغامات کیوں ڈیلیٹ کیے؟ ہمیں مکمل ادائیگی کیوں نہیں کی؟
دوسری جانب سوشل میڈیا پر اس تنازعے پر صارفین نے ماریہ بی پر سخت تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ ہمیشہ مذہب کارڈ کھیل کر اپنی ساکھ بچانے کی کوشش کرتی ہیں۔ایک صارف نے لکھا کہ 'ترکان نے آخرکار ماریہ بی کو ایکسپوز کر دیا' جبکہ دیگر صارفین کا کہنا تھا کہ 'ادائیگیوں کے معاملے میں زیادہ تر برانڈز کا یہی رویہ ہوتا ہے'۔
واضح رہے کہ ترکان آتائے، جن کے انسٹاگرام پر 8.53 لاکھ فالوورز ہیں، اردو زبان میں کانٹینٹ تیار کرتی ہیں اور پاکستان میں ان کی ایک بڑی فین فالوؤنگ موجود ہے، وہ پاکستان میں تعلیم حاصل کر چکی ہیں اور انہوں نے اپنے پاکستانی یونیورسٹی فیلو زکا سے شادی کی، اسی لیے انہیں اکثر 'پاکستانی بھابھی' بھی کہا جاتا ہے۔