آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی شہباز شریف سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اویس کیانی : وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر عزت مآب نیل ہاکنز نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات  کی۔

ملاقات میں وزیراعظم نے آسٹریلوی  ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے موجودہ دوطرفہ تعلقات  پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ زراعت، لائیو اسٹاک، کان کنی اور دیگر  شعبوں  میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے آسٹریلوی کمپنیوں اور ماہرین کو بھی دعوت دی کہ وہ پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ اپنی مہارت کا اشتراک کریں۔ 

وزیر اعظم نے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں جن میں طلباء کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے کا بھی خصوصی ذکر کیا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے  پاکستان کے ساتھ آسٹریلیا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا اور اس حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو آسٹریلوی دفاعی حکام کے پاکستان کے دوروں سمیت آئندہ دو طرفہ مصروفیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے نشان دہ ترجیحی شعبوں سمیت کھیلوں، بالخصوص کرکٹ اور ہاکی  اور ثقافتی تعاون کو بھی مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی دلچسپی کا اظہار کیا ۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستانی سکیورٹی گارڈز کی بہادرانہ کوششوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے سڈنی میں ایک   حملے کے دوران کئی جانیں بچائیں۔ اس حملے میں ایک پاکستانی سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا زخمی ہوا ؛اس حملے میں پانچ خواتین جاں بحق ہوئیں تھیں۔