کوئنز روڈ (عرفان ملک) لاہور پولیس نے رمضان المبارک کے حوالے سے سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا، لاہور پولیس کی سربراہی میں حکومتی احکامات پر عملدرآمد کرنے کے لئے انفورسمنٹ کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئیں، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے تیاریاں شروع کر دیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز رائے بابر سعید کا کہنا ہے کہ سکیورٹی کیساتھ ساتھ انفورسمنٹ کمیٹیاں بھی تشکیل دی جا رہی ہیں، انفورسمنٹ کمیٹیوں میں ضلعی انتظامیہ، امن کمیٹیاں، ریونیو ڈیپارٹمنٹ اور مساجد کے امام بھی شامل ہوں گے، کمیٹیاں ماہ رمضان میں حکومتی 20 نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کروائیں گی، شہر میں4 ہزار504 مساجد کوتین کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، اے کیٹیگری میں103 مساجد شامل ہوں گی، بی کیٹگری میں 759 مساجد شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کی جانب سےسکیورٹی پر5 ہزار سے زائد اہلکار اور افسر سکیورٹی ڈیوٹیوں پر موجود ہوں گے، جو سکیورٹی کیساتھ ساتھ سماجی رابطوں میں فاصلے کو یقینی بنائیں گے۔
علاوہ ازیں آئی جی پنجاب نے احساس پروگرام، ناکوں، رمضان سکیورٹی پر پولیس کی ڈیوٹیاں لگادیں، لاہور سمیت پنجاب بھرمیں ایک لاکھ سے زائد اہلکار سکیورٹی وہنگامی ڈیوٹی پرتعینات کردیئے گئے ہیں جوکہ حکومتی احکامات پرعملدرآمد کے لئے 24 گھنٹے ڈیوٹی پرموجود ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنزسہیل سکھیرا کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب نے اہلکاروں کو میسر وسائل سے کھانا وپانی مہیا کرنے کے احکامات دیئے ہیں، جبکہ موجود فنڈز اور مخیرحضرات کی مدد سے حفاظتی سامان کی فراہمی کی جارہی ہے، نمازتراویح کیلئے 28 ہزار اہلکار ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔
واضح رہےکہ دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس نےپنجاب میں پنجے گاڑ لیے، لاہور میں کورونا کے 772 کنفرم مریض ہیں جبکہ پنجاب میں کورونا کے مجموعی مریض4590 تک پہنچ گئے، صوبے میں اب تک کورونا وائرس سے 56 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 790 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔