ویب ڈیسک: اداکارہ اور میزبان دعا ملک نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ انہیں شوبز کیریئر کے دوران کاسٹنگ کاؤچ جیسے تلخ اور تکلیف دہ تجربے سے گزرنا پڑا۔
حالیہ ایک پوڈکاسٹ انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ کسی عام شخص کا نہیں بلکہ پاکستان کی ایک نہایت بااثر اور معروف شخصیت کا تھا تاہم، انہوں نے اس فرد کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا۔
دعا ملک نے گفتگو کے دوران بتایا کہ اگرچہ انہوں نے اور ان کی بہن، اداکارہ حمائمہ ملک، ہمیشہ انڈسٹری میں خود کو مضبوطی سے پیش کیا اور کسی کے دباؤ میں نہیں آئیں لیکن پھر بھی ایک موقع ایسا آیا جب انہیں اس قسم کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جس کا براہ راست اثر ان کے کیریئر پر پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے بچے بھی شوبز انڈسٹری کا حصہ بنیں اور اسی لیے وہ انہیں امریکہ لے آئیں تاکہ وہ اس ماحول سے محفوظ رہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس واقعے کی مکمل تفصیلات اس لیے نہیں بتا رہیں کیونکہ ان کا خاندان پاکستان میں مقیم ہے اور وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے کسی بیان سے ان کے اہلخانہ کو کوئی نقصان پہنچے۔
دعا ملک کا کہنا تھا کہ شوبز میں کئی لڑکیاں کمزور لمحوں میں دباؤ کا شکار ہو جاتی ہیں مگر انہوں نے ہمیشہ ایسے رویوں کا سختی سے جواب دیا۔ اس کے باوجود ایک ایسا لمحہ ان کی زندگی میں آیا جب انہیں پسپائی اختیار کرنی پڑی، جس کا درد وہ آج بھی محسوس کرتی ہیں۔