ملک اشرف: صوبہ بھر کی ضلعی عدلیہ کے ہر جج کے لیے جوڈیشل اکیڈمی سے ٹریننگ کرنا لازمی قرار دے دیا گیا، دوران سروس تربیتی کورس نہ کرنے والے ججز کو ترقیاں نہیں ملیں گی۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی عدالتوں کے ججز کا تیسرا جنرل ٹریننگ پروگرام 30 ستمبر سے شروع ہوگا، چیف جسٹس ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان نے منظوری دیدی، ضلعی عدالتوں کے 75 ججز 30 ستمبرسے پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں چھ روزہ تربیتی کورس کریں گے۔ جس میں پچیس ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اور پچاس سول ججز شامل ہوں گے، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان ججز کے افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے، ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی حبیب اللہ عامر بھی افتتاحی تقریب میں اظہار خیال کریں گے۔
ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی کے مطابق دوران سروس تربیتی کورس نہ کرنے والے ججز کو ترقیاں نہیں ملیں گی۔