ماحولیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے، نگران وزیراعظم

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تمام ادارے  تباہ کن سیلاب کے بعد بہترین انداز میں تعمیر نو کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم کی زیر صدارت اٹھائیسویں اقوام متحدہ کانفرنس آف پارٹیز  کے حوالے سے  بین الوزارتی جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔

اجلاس کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی پاکستان جیسے ممالک کیلئے قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا عالمی سطح پر موسمیاتی تبدیلی بڑھانے میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہونے کے باوجود پاکستان  موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ممالک میں شامل ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پاکستان کی ایک تہائی آبادی سیلاب سے متاثر ہوئی. انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی ماحولیاتی سفارتکاری سے عالمی ماحولیاتی بحث میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ کوپ 28 میں کلائمیٹ فنانس اور دیگر متعلقہ معاملات پر پاکستان کا موقف  اچھے سے  پیش کرنے کے لئے ادارے بھر پور تیاری کریں ۔

واضح رہے کہ وزیراعظم دوبئی, متحدہ عرب امارات میں ہونے والی اٹھائیسویں کانفرنس آف پارٹیز کے یکم اور دو دسمبر کو ہائے لیول سیگمینٹ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے.

اجلاس میں نگران وفاقی وزراء برائے خزانہ، خارجہ، توانائی، موسمیاتی تبدیلی، منصوبہ بندی اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔