چودھری شوگر ملز کیس،نواز شریف، مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا

چودھری شوگر ملز کیس،نواز شریف، مریم نواز کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(شاہین عتیق) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز  کو ان کیخلاف ریفرنس عدالت میں داخل ہونے تک حاضری سے استثنیٰ دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج چودھری امیر محمد خان نے چودھری شوگرملز کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی، مریم نواز کے کزن یوسف عباس کو جیل حکام نے عدالت میں پیش کیا جبکہ مریم نوازضمانت کی وجہ سے خود پیش ہوئیں۔

مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے درخواست دی کہ نیب نے ابھی تک ریفرنس داخل نہیں کیا اس لیے مریم نواز کو عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔

وکیل نے نشاندہی کی کہ قانون کے تحت ریفرنس داخل ہونے تک ملزم کو حاضری سے استثنیٰ دیا جاسکتا ہے۔

نیب وکیل حافظ اسد اعوان نےمخالفت کرتے ہوئے استدعا کی کہ انہیں تحریری جواب کیلئے مہلت دی جائے، لیکن عدالت نے یہ استدعا مسترد کر دی۔

امجد پرویز نے بتایا کہ نواز شریف علاج کیلئے بیرون ملک گئے ہیں، اس لیے انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے، عدالت نے درخواست منظور کرلی، جبکہ عدالت نے یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں 6 دسمبر تک توسیع کردی۔

مریم نواز کی احتساب عدالت پیشی کےموقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، اس موقع پر وکلاء اور پولیس اہلکاروں کے درمیان کمرہ عدالت جانے کی اجازت نہ دینے پر تلخ کلامی اور دھکم پیل بھی ہوئی۔

Sughra Afzal

Content Writer