حسن علی: وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کی پریکیورمنٹ ایک ماہ بعد بھی شروع نہ کی جاسکی، حکومت نے تاحال اشیاء فراہم کرنے والی کمپنیوں کے بقایاجات کی ادائیگی بھی نہیں کی، جس کے باعث کمپنیاں یوٹیلٹی سٹورز کو اشیاء فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن آف پاکستان کی پریکیورمنٹ کا عمل شروع کرنے کے حوالے سے ملازمین سے وعدہ کیا تھا لیکن ایک ماہ گزرنے کے باوجود تاحال یوٹیلٹی سٹورز کی پریکیورمنٹ شروع نہ کی جاسکی۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر پریکورمنٹ کا عمل شروع نہ ہوا تو آئندہ ماہ یوٹیلٹی سٹورز کے ملازمین کو تنخواہیں ملنا بھی مشکل ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹورز پر اب نہ چینی موجود ہے اور نہ ہی آٹا جب کہ صابن، سرف، شیمپو تو بہت پہلے ہی ختم ہو چکے ہیں جس کے باعث گاہکوں نے یوٹیلٹی سٹورز کا رخ کرنا چھوڑ دیا ہے۔
ملازمین کا مزید کہنا تھا کہ اگر یہی صورتحال رہی اور حکومت نے مسائل کو فوری حل نہ کیا تو ایک مرتبہ پھر سے اسلام آباد کا رخ کریں گے اور وہاں دھرنے کے ساتھ ساتھ احتجاج کیا جائے گا۔