شاہد سپرا: لیسکو کے بجلی کے میٹرز کا سافٹ ویئر چوری ہونے کی وجہ سے وسیع پیمانے پر بجلی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، کمپنی نے گینگ کو پکڑنے کے لئے پولیس کی مدد سے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم بنانے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کے میٹرز کے سافٹ ویئر کی چوری نے لیسکو میں خطرے کی گھنٹی بجادی، جس کی گونج ہیڈ کوارٹرز سے وزارت پاور ڈویژن تک جا پہنچی ہے، لیسکو نے مخبر کی اطلاع پر پولیس کی مدد سے مانگا منڈی میں دلدار نامی شخص کے گھر چھاپا مارا اور گھر سے لیپ ٹاپ برآمد کیے، جن میں میٹرز کی ریڈنگ کو ریورس کرنے کا سافٹ ویئر بھی موجود تھا۔
لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ لیسکو نے بجلی چوری میں ملوث بڑے گینگ کا سراغ لگالیا ہے، جے آئی ٹی بنا کر تحقیقات کو شفاف بنایا جا ئیگا، ٹیم کی تشکیل کے لئے پولیس کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب ریڈ کرنے والی ٹیم کے سربراہ مینجر ایم اینڈ ٹی بشیر احمد نے بتایا کہ موقع سے ملنے والی ڈائری سے صارفین کے حوالہ نمبرز ملے ہیں، جو گینگ کے ساتھ ملکر بجلی چوری کرتے تھے۔
لیسکو میں سافٹ ویئر چوری سکینڈل کی شفاف تحقیقات وقت کی اہم ضرورت ہیں، ورنہ جدید طریقے سے ہونے والے چوری کو پکڑنے میں کمپنی کو ہمیشہ ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔