ویب ڈیسک: برطانیہ کے دارالحکومت میں موسم نے اچانک خطرناک رخ اختیار کر لیا، جس کے بعد حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ماہرینِ موسمیات اور صحت حکام کے مطابق لندن میں آنے والے دنوں میں غیر معمولی گرمی متوقع ہے، جس کے باعث حساس افراد کیلئے صورتحال تشویشناک ہوسکتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانوی ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی نے لندن کیلئے یلو ہیلتھ الرٹ جاری کردیا ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ رواں برس پہلی مرتبہ شہر شدید گرمی کی لہر کی زد میں آ رہا ہے۔
ایجنسی کے مطابق اگلے ہفتے کے آغاز میں درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، اسی خطرے کے پیشِ نظر کل سے یلو الرٹ نافذ العمل ہوگا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پورے ہفتے گرمی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے جبکہ موسم زیادہ تر خشک اور صاف رہے گا۔ تاہم ہفتے کے روز بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہوسکتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال برطانیہ میں اب تک کا گرم ترین دن اپریل میں ریکارڈ کیا گیا، جب جنوب مغربی لندن کے علاقے کیو گارڈنز میں پارہ 26.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا تھا۔
اسی طرح مئی میں درجہ حرارت 32.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو اس سے قبل 1922 میں کیمڈن اسکوائر میں بھی نوٹ کیا جا چکا ہے۔
برطانوی ہیلتھ سکیورٹی ایجنسی کے مطابق یلو ہیلتھ الرٹ ایسے حالات میں جاری کیا جاتا ہے جب شدید موسم خصوصاً بزرگوں، بچوں اور کمزور افراد کی صحت کیلئے خطرہ بن سکتا ہو اور اسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہو۔