سعید احمد:مالی سال 2024-25 کے پہلے 10 ماہ (جولائی 2024 تا اپریل 2025) کے دوران پاکستان ریلوے کو 13 ارب 29 کروڑ روپے کی کم آمدنی کا سامنا کرنا پڑا۔
ریلوے ذرائع کے مطابق اس عرصے میں ریلوے کی مجموعی آمدن 76 ارب 53 کروڑ روپے رہی جبکہ مقررہ ہدف کے مطابق 89 ارب 83 کروڑ روپے آمدن حاصل کرنا تھی۔ اس طرح مقررہ ہدف کے مقابلے میں ادارے کی آمدن میں واضح کمی دیکھنے میں آئی۔
آمدنی میں کمی کی سب سے بڑی وجوہات میں ٹرینوں کی بروقت آمد و رفت (پنکچویلٹی) میں مسلسل خرابی, انتظامی اور آپریشنل مسائل,شعبہ وار آمدنی میں کمی شامل ہیں۔
مسافر ٹرینوں کے ٹکٹوں سے حاصل ہونے والی آمدن میں 6 ارب 5 کروڑ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ گڈز (مال برداری) سیکٹر میں 2 ارب 89 کروڑ روپے کا خسارہ سامنے آیا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ اگر وقت کی پابندی اور آپریشنل کارکردگی کو فوری طور پر بہتر نہ بنایا گیا تو رواں مالی سال کے باقی ماندہ مہینوں میں بھی خسارہ بڑھنے کا سنگین خدشہ موجود ہے۔