منکی پاکس کےپھیلاؤمیں تیزی،عالمی ادارہ صحت نے بڑاخدشہ ظاہر کردیا

منکی پاکس کےپھیلاؤمیں تیزی،عالمی ادارہ صحت نے بڑاخدشہ ظاہر کردیا
کیپشن: Monkeypox virus
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: عالمی ادارہ صحت نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں مختلف ممالک میں منکی پاکس کے مزید کیسز بھی سامنے آسکتے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ اب تک 12  ایسےممالک میں منکی پاکس کے کیسز سامنے آچکے ہیں جہاں اس سے پہلے یہ وائرس موجود نہیں تھا، رپورٹ ہونے والے کیسز میں  92 مصدقہ اور 28 مشتبہ کیسز شامل ہیں۔

 خدشہ ہے کہ یہ وائرس دوسرے ممالک میں بھی پھیل سکتا ہے۔اس خدشے کے پیش نظر ان ممالک کی نگرانی بھی بڑھا دی گئی ہے جہاں ابھی تک یہ بیماری رپورٹ نہیں ہوئی۔

ڈبلیو ایچ او نے انکشاف کیا  ہے کہ اب تک کی معلومات کے مطابق یہ وائرس انسانوں سے دوسرے انسانوں کو قریبی جسمانی رابطے کے باعث لاحق ہو رہا ہے۔

متعدی بیماریوں کے ماہر ڈبلیو ایچ او کے اہلکار ڈیوڈ ہیمن نے کہا ہے کہ اب یہ جنسی طور پر منتقل ہونے والے انفیکشن کی طرح پھیل رہا ہے اور دنیا بھر میں اس کی منتقلی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسانوں کا قریبی رابطہ اس وائرس کی منتقلی کا ذریعہ ہے۔ کیونکہ اس بیماری کے بعد پیدا ہونے والے مخصوص گھاؤ متعدی ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بیمار بچوں کی دیکھ بھال کرنے والے والدین اور طبی عملے کے افراد خطرے میں ہیں۔رائٹرز کے مطابق بہت سے کیسز کی نشاندہی جنسی صحت کے کلینکس میں کی گئی ہے۔

 ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن  نے کہا ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں منکی پاکس کے پھیلاؤ  کو روکنے سے متعلق رہنمائی اور مشورے بھی فراہم کریں گے۔