لاہور سے دن دیہاڑے میٹرک کی طالبہ اغوا، فوٹیج بھی سامنےآگئی

لاہور سے دن دیہاڑے میٹرک کی طالبہ اغوا، فوٹیج بھی سامنےآگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی دارالحکومت  لاہور میں شاد باغ کے علاقے سے دن دیہاڑے 10 ویں جماعت کی 17 سالہ طالبہ کو اغوا کرلیا گیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔ 

پولیس کے مطابق  17 سالہ طالبہ اپنے بھائی کے ساتھ امتحان دینے  کے بعد واپس جا رہی تھی کہ 4 مسلح اغواء کاروں نےاسے اغوا کیا، طالبہ کے اغواء کے واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سفید رنگ کی کار نے موٹر سائیکل سوار کو پہلے روکا اور پھر اس پہ سوار لڑکی کو زبردستی اتار کر گاڑی میں بیٹھاتے ہیں،اس دوران اغوا کار ایک شخص موٹر سائیکل سوار کی جانب سے کی جانے والی مزاحمت پر اس کو تھپڑ بھی رسید کرتا ہے اور چلے جانے کا اشارہ کرتا ہے، کامیاب کارروائی کے بعد اغوا کار باآسانی فرار ہوجاتے ہیں۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی جانب سے طالبہ کے اغواء کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور لڑکی کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز  نے شاد باغ کے علاقے سے طالبہ کے اغوا کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے طالبہ کی جلد از جلد بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ طالبہ کے اغوا میں ملوث ملزمان کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے اور سائنٹیفک انداز سے تفتیش کو آگے بڑھایا جائے۔