اہم خبر،پولیس نے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا

اہم خبر،پولیس نے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا
کیپشن: Punjab Assembly
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پنجاب اسمبلی اجلاس سے قبل لاہور میں پولیس نے چھاپہ مار کر ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس دیواریں پھلانگ کر رائے ممتاز کے گھر کے اندر داخل ہوئی اور انہیں گرفتار کر لیا۔ رائے ممتاز کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ رات کو پولیس نے گھر چھاپہ مارا اور رائے ممتاز کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔

پنجاب اسمبلی کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ لک کے گھر پر بھی چھاپے مارے گئے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے رائے ممتاز کی گرفتاری اور محمد خان بھٹی اور عنایت اللہ کے گھروں پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سب ایکشن شہباز شریف کے حکم پر ہو رہا ہے، حکومت کا یہ ایکشن فسطائیت پر مبنی ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ اسمبلی آفیسرز کی گرفتاری اور چھاپے حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، غیر آئینی اور جعلی حکومت آئین کے خلاف اقدامات کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے رائے ممتاز کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رائے ممتاز کو حراست میں لے کر حکومت نے شکست تسلم کرلی۔

خیال رہے کہ اسپیکر پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر رکھا ہے، اس سے پہلے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 30 مئی کو طلب کیا گیاتھا، 25 ارکان کے نشستوں سے فارغ ہونے کے بعد اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے تاریخ تبدیل کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی آج طلب کر لیا، اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔