دورہ انگلینڈ،قومی سکواڈ کی تیاریاں مکمل ،21 کھلاڑی فائنل

دورہ انگلینڈ،قومی سکواڈ کی تیاریاں مکمل ،21 کھلاڑی فائنل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

حافظ شہباز : قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لئے قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کی تشکیل پر مشاورت کا آغاز کردیا ، 30 سے 35 کھلاڑیوں کو کیمپ میں طلب کیا جائے گا ۔


‏پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لئے کھلاڑیوں کا انتخاب کرنے کے لئے سلیکشن کمیٹی کے رابطوں کا آغاز ہو گیا ہے ،سلیکٹرز نے اہم ٹور کے لئے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کی تشکیل پر ابتدائی مشاورت کا آغاز کردیاہے۔


ذرائع کے مطابق ‏ کیمپ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کےانتخاب کے لئے حتمی مشاورت عید کی چھٹیوں کے بعد ہو گی اور جون کے اوائل میں لگنے والے تربیتی کیمپ میں 30 سے 35 کھلاڑیوں کو طلب کیا جائے گا ، پلان کے مطابق ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی کے 25 کھلاڑیوں کو ایک ساتھ انگلینڈ بھجوایا جائے گا۔


ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام 21 کھلاڑی کیمپ کا حصہ ہوں گے جبکہ فواد عالم ، بلال آصف ، عمران خان سینئر کو ٹیسٹ سکواڈ کے لئے کیمپ میں طلب کیا جائے گا۔دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کے لئے محمد عامر، وہاب ریاض ، شعیب ملک، محمد حفیظ کے ساتھ ساتھ عثمان قادر ، خوشدل شاہ ، آصف علی ، حیدر علی کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ملتوی ہونے کی صورت میں شعیب ملک اور محمد حفیظ کا کیس کمزور پڑ سکتا ہے ۔ممکنہ دورہ انگلینڈ میں قومی ٹیم نے تین ٹیسٹ اورتین ٹی ٹونٹی میچز کھیلنا ہیں مجوزہ پلان کے مطابق قومی ٹیم جولائی کےاوائل میں انگلینڈ روانہ ہو گی۔

 یاد رہے کورونا وائرس نے دنیا کو یکسر تبدیل کرکے رکھ دیا ہے ،وائرس اپنی تباہ کاریاں روکنے  کا نام نہیں لے رہا۔اب تک 52 لاکھ کیس ہوچکے ہیں،مرنیوالوں کی تعداد تین لاکھ 24ہزار سے زیادہ ہے،جبکہ 18 لاکھ کے لگ بھگ صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔تمام ممالک نے اس کا پھیلائو روکنے کیلئے مختلف بندشیں لگا رکھی ہیں، فضائی آپریشن بند ہیں تو پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہیں چل رہی ۔اب آہستہ آہستہ  لاک ڈائون میں نرمی کی جارہی ہے،سروسز کی دکانیں کھولی جارہی ہیں،کھیلوں کے میدان بھی ایک بار پھر آباد ہونے جارہے ہیں۔

Azhar Thiraj

Senior Content Writer