عید سے قبل قیدیوں کیلئے خوشخبری

عید سے قبل قیدیوں کیلئے خوشخبری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی اکبر) جیلوں میں قید معمولی نوعیت کے ایک ہزار قیدی اپنے پیاروں کے ساتھ عید کر سکیں گے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب کا بڑا اقدام، قیدیوں کی سزائیں معاف کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، وزیراعلیٰ کے حکم پر عید کے موقع پر بھی جیل میں بچوں، خواتین اور مخصوص قیدیوں کو اپنے پیاروں سے بات کرنے کی سہولت مفت دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلے سے تقریباً ایک ہزار قیدیوں کی سزائیں معاف ہوں گی۔ انسداد دہشتگردی اور ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں کے علاوہ 6 ماہ سے کم سزا والے قیدی سی آر پی سی کی دفعہ 401 کے تحت معافی کے حقدار ہوں گے۔ 75 فیصد سے زائد سزا کاٹنے والی قیدی خواتین، ایک سال قید یا کم سز ا کے تحت جیلوں میں بند خواتین اور بچے، جرمانے اوردیت وغیرہ ادا کرنے کی استطاعت نہ رکھنے والے ایسے قیدی جو اپنی سزائیں پوری کرچکے ہیں، انکی سزائیں بھی معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے پاکستان پریزن رولز 1978 کی شق 216 کے تحت قیدیوں کی سزاؤں میں 60 دن کی خصوصی معافی کا اعلان بھی کیا ہے۔ قتل، اغوا، زیادتی، ڈکیتی، منشیات اور سمگلنگ کے جرم میں قید قیدیوں کو معافی نہیں دے جائے گی۔ جاسوسی، فرقہ واریت اور ریاست کے مفادات کے منافی اقدامات کرنیوالے قیدیوں کو بھی 60 دن کی معافی نہیں ملے گی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی ہدایت پر خواتین، بچوں اور مخصوص قیدیوں کیلئے جیل میں فری پی سی او کی سہولت کے تحت قیدیوں کو اپنے پیاروں سے بات کرنے کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ عید کے موقع پر بھی یہ سہولت مفت دی جائے گی۔

دہشت گردی اور ریاست کے مفادات کے منافی سرگرمیوں میں ملوث قیدیوں کو پی سی او کی سہولت نہیں ملے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر سحری میں قیدیوں کو روٹین مینیو کے ساتھ ابلا ہوا انڈا اور پراٹھا جبکہ افطار میں پھل اور دودھ دیا گیا۔