عابد چودھری: عید الفطر کے دوسرے روز شہریوں کی بڑی تعداد نے تفریحی مقامات کا رخ کر لیا جس کے باعث پارکس اور دیگر عوامی جگہوں پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ تفریحی مقامات اور گرجا گھروں کی حفاظت مزید بڑھا دی گئی ہے۔
سی سی پی او لاہور کے مطابق شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ون ویلنگ اور ہوائی فائرنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب عید کے دوسرے روز شہر بھر میں شہریوں کی بڑی تعداد نے ناشتہ پوائنٹس کا رخ کر لیا، جہاں معمول سے کہیں زیادہ رش دیکھنے میں آیا۔ مختلف علاقوں میں قائم ناشتہ کی دکانیں صبح سویرے ہی گاہکوں سے بھر گئیں۔
شہریوں نے اس موقع پر روایتی اور مزیدار کھانوں سے خوب لطف اٹھایا، جبکہ اہل خانہ اور دوستوں کے ساتھ بیٹھ کر ناشتہ کرنے کا خاص اہتمام کیا گیا۔