طاہر جمیل: ضلعی انتظامیہ نے گراں فروشی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کرتے ہوئے مختلف بازاروں میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں کی جانچ پڑتال کی۔ کارروائیاں ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی ہدایت پر عمل میں لائی گئیں۔
اسسٹنٹ کمشنر صدر ڈاکٹر عابد ممتاز خان نے تحصیل صدر کے مختلف بازاروں کا دورہ کیا اور اشیائے خورونوش کی سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کے لیے انسپیکشنز کیں۔ معائنے کے دوران مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے متعدد دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گراں فروشی اور مصنوعی مہنگائی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی جاری رہے گی۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ صارفین کو ریلیف فراہم کرنے اور اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ہدایت جاری کی گئی کہ اشیائے خورونوش کے معیار اور وزن کے معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی مفاد کے تحفظ اور منصفانہ قیمتوں پر اشیاء کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ڈی سی لاہور نے اپنے بیان میں کہا کہ گراں فروشی کا خاتمہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بازاروں کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔