ویب ڈیسک : فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین لگوانے سے انکار کرنے والوں کو جیل بھیجا جا سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فلپائن میں کورونا وائرس کی نئی اقسام کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات متعارف کروا رہا ہے۔ ڈوٹیرٹے کا کہنا تھا کہ یہ ایمرجنسی کی صورتحال ہے اور اگر ویکیسن لگوانے سے انکار کیا گیا تو ایسے لوگوں کو گرفتار کیا جائے گا۔ فلپائن کے صدر نے دیہات کے سربراہان کو انکار کرنے والے افراد کی فہرستیں تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔
فلپائنی صدر نے ایک بار پھر کورونا کی حساسیت اور ویکسین کی اہمیت و افادیت کے حوالے سے عوام کو آگاہ کیا۔ انہوں نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانی ہوگی بصورت دیگر آپ کو جیل میں ڈالا جائے گا‘۔ فلپائنی صدر نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’ویکسین یا جیل، اس کا انتخاب آپ کو خود کرنا ہے‘۔
روڈریگو دوتیرتے نے یہ وارننگ اُس وقت دی جب ملک میں کرونا ویکسین لگوانے والوں کی تعداد میں بہت زیادہ کمی دیکھی جارہی ہے۔
فلپائنی صدر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خود رضاکارانہ طور پر جاکر ویکسین لگوائیں اور کسی بے بنیاد پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں، اگر ایسا نہ ہوا تو پھر ویکسین نہ لگوانے والوں کو جیل میں ڈالا جائے گا۔