کورونا سے متاثرہ وکلاء میں امدادی چیک کی تقسیم کا عمل شروع

کورونا سے متاثرہ وکلاء میں امدادی چیک کی تقسیم کا عمل شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ملک اشرف ) پنجاب بار کونسل کی جانب سے کورونا سے متاثرہ وکلاء کو سولہ کروڑ کی امدادی رقم کے چیکوں کی تقسیم کا آغاز کردیا گیا، پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب کے وکلاء کے لئے چیک تقسیم کر دیئے گئے جبکہ لاہور ڈویژن کے لئے کل سے تقسیم ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار جمیل اصغر بھٹی سمیت دیگر بار عہدیداروں نے وکلاء میں چیک تقسیم کیے۔ پہلے مرحلے میں ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان ڈویزن سمیت دیگر اضلاع اور تحصیلوں کے وکلاء کے لئے چیک تقسیم کئے گئے جبکہ ممبران پنجاب بار نے چیک وصول کئے جو متعلقہ بار کے عہدیداروں کے حوالے کریں گے۔

 چئیرمین ایگزیکٹو کمیٹی پنجاب بار کونسل جمیل اصغر بھٹی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ لاہور ڈویزن کے وکلاء کو کل سے چیکوں کی تقسیم کل سے شروع کریں گے۔ وہ خود بار ایسوسی ایشن کے دفاتر جاکر وہاں صدر و سیکرٹریز سمیت دیگر عہدیداروں کے حوالے چیک کریں گے جو متاثرہ وکلاء کو چیک دیں گے۔

متاثرہ وکلاء کے نام کا کراس چیک ہوگا جو اس کے علاوہ کوئی اور کیش نہیں کرا سکے گا۔ چئیرمین جمیل اصغر بھٹی کا کہنا تھا کہ ہر مشکل وقت میں وکلاء کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے کورونا وباء کے باعث تفریحی پارکوں میں جھولوں پرعائد پابندی ختم کرنے کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس عائشہ اے ملک نے پاکستان ایسوسی ایشن آف امپیوزمنٹ کے سیکرٹری سہیل لاشاری کی درخواست کو وکیل کا موقف سننےکے بعد نمٹادیا۔

درخواست میں چیف سیکرٹری کے ذریعے پنجاب حکومت سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ تفریحی پارک کورونا وائرس لاک ڈائون کی وجہ سے تین ماہ سے بند ہیں، اب تقریباً تمام کاروبار حکومتی ایس او پیز کے تحت کھل چکے ہیں۔ حکومت کی جانب سےعید الفطر کے بعد سے تفریحی پارکس کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ ملازمین کو تین ماہ سے بغیر آمدن کے تنخواہیں دینا مشکل ہوگیا ہے۔

درخواست گزار نے استدعا کر رکھی ہے کہ عدالت حکومتی ایس او پیز کے تحت تفریحی پارکس کھولنے کاحکم دے۔ مزید استدعا کی گئی کہ عدالت تفریحی پارکس کے کرائے ختم کرنے اور ملازمین کو بے روزگاری سے بچائو کا حکم دے۔