کلیم اختر: جین مندر چوک اور اس سے ملحقہ شاہراہوں پر بارش کے بعد ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوگیا، جس کے باعث سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
بارش کے باعث مختلف مقامات پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی، جبکہ ٹریفک وارڈنز کی عدم موجودگی نے صورتحال کو مزید خراب کردیا۔ گاڑیوں کی سست رفتار کے باعث اطراف کی سڑکوں پر بھی ٹریفک کا دباؤ کئی گنا بڑھ گیا۔
بارشی پانی کی بروقت نکاسی نہ ہونے کے باعث موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیوروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پیدل چلنے والے شہری بھی پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے سڑکیں عبور کرنے میں دشواری محسوس کرتے رہے۔
شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ جمع شدہ بارشی پانی کی فوری نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور ٹریفک کی مؤثر نگرانی کے لیے اضافی ٹریفک اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔