علی ساہی: ٹریفک لائسنس کے اجرا میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر نے واضح کیا ہے کہ لائسنس صرف میرٹ پر جاری کیے جائیں گے اور کرپشن یا بدعنوانی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔
وقاص نذیر کے مطابق لائسنسز کے اجرا کے حوالے سے شکایات موصول ہونے پر متعلقہ ضلعی افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں صرف لائسنسنگ سنٹرز کے انچارج اور عملے کے خلاف کارروائیاں کی جاتی تھیں، تاہم اب بدعنوانی کی شکایات کے ذمہ دار سپروائزری افسران بھی ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ لائسنسنگ انچارج اور عملے کے خلاف متعلقہ آر پی او انکوائری کریں گے، جبکہ ضلعی افسران کے خلاف تحقیقات ٹریفک ہیڈ کوارٹر کرے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ تمام لائسنسنگ سنٹرز کو ہیڈ آفس کے کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جا رہا ہے اور صرف میرٹ پر لائسنس کے اجرا کے لیے سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے تمام ضلعی افسران کو اس حوالے سے ضروری احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔