ملک اشرف:لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن شدید مالی بحران کا شکار ہو گئی ہے، جس کے باعث بار کے ملازمین گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا سامنا کر رہے ہیں۔
ملازمین نے فوری طور پر بقایا تنخواہیں ادا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلسل تاخیر نے ان کی معاشی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔
ملازمین کا کہنا ہے کہ تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث گھریلو اخراجات پورے کرنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے، جبکہ کئی گھروں میں مالی تنگی کے باعث فاقوں جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ متعلقہ حکام فوری نوٹس لیتے ہوئے تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائیں۔
بار عہدیداروں کے مطابق وفاقی اور پنجاب حکومت کی جانب سے مطلوبہ فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث لاہور ہائیکورٹ بار کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے، جس کے اثرات براہِ راست ملازمین پر پڑ رہے ہیں۔
ملازمین نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ مالی بحران کے خاتمے کے لیے فوری فنڈز جاری کیے جائیں تاکہ بقایا تنخواہوں کی ادائیگی ممکن ہو سکے اور ملازمین کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔