عرفان ملک: لاہور پولیس نے پیشہ ور گداگر مافیا کے خلاف جاری مہم کے دوران بڑا کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 80 پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کر لیا، جبکہ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق شہر میں انسدادِ گداگری کی حالیہ کارروائیوں کے دوران گرفتار کیے گئے افراد کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ رواں سال اب تک گداگری میں ملوث 755 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں 748 مرد، 6 خواتین اور ایک سہولت کار شامل ہے۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت میں انسدادِ گداگری کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور گداگری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کو اس سماجی برائی سے پاک کرنے کے لیے گداگروں اور ان کے ٹھیکیداروں کے گرد گھیرا مزید تنگ کیا جائے گا۔
سی سی پی او نے ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ اہم شاہراہوں، چوراہوں اور ٹریفک سگنلز پر پیشہ ور گداگر مافیا کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جائے، جبکہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے بھی پیشہ ور گداگروں کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔