ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گلگت: بادل پھٹنے سے تباہی، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے درجنوں سیاح پھنس گئے

گلگت: بادل پھٹنے سے تباہی، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے درجنوں سیاح پھنس گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: گلگت بلتستان میں کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی، بابوسر ٹاپ کے قریب شدید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب سے درجنوں سیاح پھنس گئے۔

سیاحتی مقام بابوسر ٹاپ پر جل سے دیونگ کے درمیان بادل پھٹنے کے نتیجے میں شدید لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے 7 سے 8 کلومیٹر کے علاقے کو شدید متاثر کیا، قدرتی آفت کے باعث سڑک پر 15 بڑے مقامات پر رکاوٹیں پیدا ہو گئیں، جس سے ٹریفک مکمل طور پر معطل ہوگئی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق چلاس کے علاقے شاہراہ تھک بابوسر میں سیلابی ریلوں میں سیاحوں کی 8 گاڑیاں بہہ گئیں، ریسکیو آپریشن میں 3 نعشیں نکال لی گئی ہیں اور 4 سیاحوں کو بچا لیا گیا ہے جبکہ 30 سے 40 سیاح لاپتہ ہیں۔

ریسکیو آپریشن کے دوران مختلف مقامات پر پھنسے ہوئے درجنوں سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر دیامر اور ایس پی دیامر نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا، حکام کے مطابق وہ متاثرہ مقام کے وسط تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے، تاہم پتھروں کے بڑے ڈھیر اور سخت زمینی حالات کے باعث آگے کا علاقہ پیدل بھی ناقابلِ رسائی ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے چلاس میں سیاحوں کیلئے عارضی رہائش کا بندوبست کیا، جہاں گرلز ڈگری کالج اور پولیس کی جانب سے فراہم کردہ ٹرانسپورٹ کے ذریعے پھنسے ہوئے افراد کو مقامی ہوٹلوں میں منتقل کیا گیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بابوسر ٹاپ روڈ مکمل طور پر بند ہے جبکہ قراقرم ہائی وے کے لال پہاڑی اور تتھا پانی کے مقامات پر 10 سے 15 گاڑیاں نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں میں پھنسی ہوئی ہیں، تھک نالہ میں 4 افراد بہہ گئے جن میں سے 2 کی نعشیں اور 2 کو بحفاظت نکال لیا گیا، جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے، پاکستان فوج بھی آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔

ادھر وادی نیلم میں بھی کلاؤڈ برسٹ نے تباہی مچا دی، مدین میں مکان لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آ گیا، ملبے تلے دب کر 3 بچے چل بسے جبکہ ماں زخمی ہے، جبکہ سوات میں 2 بچے برساتی نالے میں بہہ کر جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے کہا کہ سیلاب سے گرلز سکول، 2 ہوٹل، پولیس چوکی، پولیس شیلٹر اور شاہراہ بابوسر سے متصل 50 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوئے، 8 کلومیٹر سڑک شدید متاثرہ اور 15مقامات پر روڈ بلاک ہے جب کہ شاہراہ بابوسر پر 4 رابطہ پل بھی تباہ ہوئے ہیں۔