پاکستانیوں کیلئے عید سے قبل بڑی خوشخبری آگئی

 پاکستانیوں کیلئے عید سے قبل بڑی خوشخبری آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی کابینہ نے  پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی ماہانہ لائسنس فیس میں اضافے کا معاملہ مؤخر کر دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی مجموعی سیاسی اور اقتصادی صورت حال سمیت مختلف امور کا جائزہ لیا گیا، کابینہ اجلاس میں وفاقی وزراء فیصل واوڈا، مراد سعید اور فواد چودھری نے پی ٹی وی فیس میں اضافے پر اعتراض کردیا۔

وزراء کا کہنا تھا کہ فیصلے سے قبل عوام کو بتایا جائے کہ سرکاری ٹی وی پر 14 ارب کا خسارہ ہے، وزراء  کے اعتراض کے بعد وفاقی کابینہ نے پی ٹی وی  فیس میں اضافے کا معاملہ مؤخر کر دیا ہے اور اب عوام کو اعتماد میں لیے جانے تک فیصلے پر عمل درآمد روک دیا ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں حکومت نے کابینہ سے پی ٹی وی کی فیس بڑھانے کی منظوری کے بعد پی ٹی وی لائسنس فیس 35 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کر دی تھی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا کہ تعمیراتی صنعت میں حکومت نے شاندار کامیابی حاصل کی لیکن عوامی سطح پر اس کا ذکر نہیں، وزیراعظم مشکل حالات کے باوجود مسلسل کوششوں سے معیشت کو  درست سمت میں لائے، معاشی ٹیم کیوں حکومت کے بیانیے کو تقویت نہیں دے پا رہی؟ یا بتا دیں کہ ہمارے ساتھ غلط بیانی کی جارہی ہے اور اپوزیشن ٹھیک کہہ رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر تعمیر کا آغاز بھی غیر معمولی کامیابی تھی، وزارت آبی وسائل نے نئے ڈیموں کی تعمیر سے متعلق انقلابی اقدامات کیے۔

اس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپ درست کہہ رہے ہیں، آپ کی وزارت نے مثالی اقدامات اٹھائے، جبکہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی فیصل واوڈا کی وزارت کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ ڈیم کے معاملے پر دہائیوں بعد کام کا آغاز بڑی کامیابی ہے۔

 ذرائع کے مطابق کابینہ اراکین کا کہنا تھا کہ نان ایشوز کو ایشوز بنانے سے حکومتی بیانیہ کمزور ہوتا ہے، معاونین اور مشیروں کے اثاثوں کا معاملہ بھی غیرضروری طور پر ایشو بن گیا، کابینہ نے اجلاس کے دوران اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ 2020ء میں مجوزہ ترمیم کی منظوری بھی دے دی۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نیتفتیشی اختیارات کے لیے ضابطہ فوجداری  1898میں بھی ترمیم کی منظوری دی جبکہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف ایٹی ایف) سے متعلق کمپنیز ایکٹ اور لائبلیٹیز پارٹنرشپ ایکٹ میں مجوزہ ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔

وفاقی کابینہ نے  انسداد منشیات ایکٹ 1997 میں ترمیم  اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ ری آرگنائزیشن ایکٹ 2020 کی منظوری بھی دے دی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer