ویب ڈیسک: پاکستانی شوبزکی مقبول جوڑی کبریٰ خان اور گوہر رشید کا خانۂ کعبہ کے بیرونی احاطے میں نکاح اور عمرے کے بعد شیندی کی تقریب میں ڈانس تنقید کا نشانہ بن گیا.
اداکارہ کبریٰ خان اور گوہر رشید کی دوستی کے چرچے تو ہر زبان زدِ عام تھے ہی لیکن 2025 کے آغاز سے دونوں کی شادی کے چرچے ہوتے دکھے۔دونوں طویل عرصے سے گہرے دوست ہیں لیکن چند سال سے فینز کو یہ شک تھا کہ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں مبتلا ہیں لیکن اسٹار جوڑی اس بات کو قبول نہیں کر رہی تھی۔شادی کی تاریخ قریب آتی دیکھ کر دونوں نے 6 جنوری کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کر کے اپنی جلد شادی کا اعلان کردیا لیکن تاریخ نہیں بتائیں۔
شادی کی تقریبات کا آغاز ڈھولکی، گیم نائٹ اور پری ویڈنگ پکنک پارٹی سے کیا گیا جس کے بعد اسٹار جوڑی اپنے عزیز و اقارب کے ہمراہ مکّہ روانہ ہوگئے جہاں 12 فروری کو خانۂ کعبہ کے بیرونی احاطے میں دونوں نے ایجاب و قبول کیا۔ 19 فروری کراچی میں سب سے پہلے دونوں کے مایوں کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس کے بعد 20 فروری کو منعقدہ شیندی کی تصاویر اور ویڈیوز بھی اسٹار جوڑی کے شیئر کرنے سے پہلے ہی متعدد ذرائع سے وائرل ہوتی دکھیں۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی شیندی کی ویڈیوز تنقید کی نذر ہوچکی ہیں کیونکہ ان ویڈیوز میں دونوں مختلف گیتوں پر ڈانس کرتے دکھے۔جن گانوں پر اسٹار جوڑی نے ڈانس کیا وہ بھارتی فلموں کے گیت ہیں جن میں ’سائلرو سائلرے‘ ، ’تتڑ تتڑ‘ ، ’فولوری بنا چٹنی کیسے بنی‘ شامل ہیں۔
فینز کی جانب سے اس ویڈیو پر اس لیے تنقید کی جارہی ہے کہ اسٹار جوڑی نے چند روز قبل ہی نکاح کیا اور اس کے بعد دونوں نے ساتھ ہی عمرہ بھی ادا کیا لیکن عمرے جیسے سعادت حاصل ہوجانے کے بعد دونوں کا ناچ گانوں میں مصروف ہوجانا سوشل میڈیا صارفین کو بہت بُرا لگ رہا ہے۔
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یا تو کراچی میں ہی ناچ گانے کرتے ہوئے جیسے تقریب شروع کی تھی ویسے ہی نکاح بھی کراچی میں منعقد کرکے ڈانس کرتے رہتے لیکن نکاح کو سب سے مقدس مقام پر کرنے اور پھر عمرہ بھی کرلینے کے چند روز بعد ہی ناچ گانا کرنا شرمندگی کی بات ہے‘۔ ایک اور صارف نے لکھا کہ ’عمرہ کا ہی لحاظ کرلیتے، ناچے بغیر بھی شادی ہوہی جانی تھی اگر نکاح اتنی سادگی اور خوبصورت سے کر ہی لیا تھا تو یہ سب گناہ کرنا بے عقلی کی بات ہے‘ جبکہ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’انکا نکاح دیکھ کر میں رشک کر رہی تھی لیکن انکا یہ حال دیکھ کر میں اللہ کا شکر ادا کر رہی ہوں کہ اس نے ہمیں بے حیائی سے بچایا‘۔