سٹی 42: محکمہ موسمیات نے آج رات اور 23 اگست کے دوران پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
کشمیر، مری، گلیات اور اسلام آباد و راولپنڈی کے برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی خطرہ ہے، جبکہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ کشمیر میں بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوسکتی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم موسیٰ خیل، ژوب، خضدار اور بارکھان میں شام یا رات کے اوقات میں بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش ہوئی۔ اسلام آباد زیرو پوائنٹ میں 51 ملی میٹر، سیالکوٹ ایئرپورٹ میں 45 ملی میٹر اور نارووال میں 43 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی اور دالبندین میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔