عثمان خان :سرکاری سکیم میں لانگ حج پیکیج کے تحت صرف ساڑھے 18 ہزار نشستیں باقی رہ گئی ہیں، جبکہ سرکاری سکیم کے تحت 88 ہزار 700 عازمین حج پہلی قسط جمع کروا چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب سے 46 ہزار 400، سندھ سے 23 ہزار 500، خیبرپختونخوا سے 11 ہزار 300، اسلام آباد سے 3 ہزار 933، بلوچستان سے 2 ہزار 555، گلگت بلتستان سے 677 اور آزاد کشمیر سے 362 عازمین حج نے واجبات جمع کروائے ہیں۔
نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل پر آن لائن ادائیگی کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے، جبکہ صرف 3 دن میں حج واجبات کی پہلی قسط کی مد میں 55 ارب روپے سے زائد وصولیاں کی گئی ہیں۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق 40 فیصد عازمین حج نے ون لنک یا کارڈ کے ذریعے آن لائن ادائیگی کا انتخاب کیا، جبکہ بلوچستان میں آن لائن ادائیگی کا تناسب حیرت انگیز طور پر 72 فیصد رہا۔
ترجمان نے بتایا کہ پاک حج ایپ اور حج پورٹل پر ادائیگی کے لیے PSID، کارڈ یا مینول بینک چالان کی سہولت موجود ہے۔
ترجمان مذہبی امور نے حج 2027 پر جانے کے خواہش مند عازمین کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ حج پورٹل پر اپنے کوائف اور ادائیگی جلد مکمل کریں، کیونکہ 40 روزہ حج پیکیج میں مطلوبہ تعداد پوری ہونے پر حج 2027 کی بکنگ روک دی جائے گی۔