عابد چودھری: سکول وینز، رکشوں اور بسوں میں اوورلوڈنگ اور گیس سلنڈر استعمال کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا گیا۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے سکول وینز، رکشوں اور بسوں میں گیس سلنڈر کے استعمال اور اوورلوڈنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو سکول لانے اور لے جانے والی کسی بھی گاڑی، ویگن یا رکشہ میں ایل پی جی سلنڈر استعمال نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ننھے بچوں کے تحفظ کے پیش نظر سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ کوئی بھی رکشہ ڈرائیور آگے والی سیٹ پر کسی بچے کو ساتھ نہیں بٹھائے گا.
سی ٹی او لاہور کے مطابق رکشوں کے سائیڈز پر بیگ یا دیگر اشیاء لٹکانے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، جبکہ کینال روڈ پر چلنے والے رکشوں میں بھی آگے والی سیٹ پر کسی کو بٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ پک اپ ڈرائیور فرنٹ سیٹ پر ایک سے زائد سواری ہرگز نہیں بٹھائیں گے۔
سی ٹی او لاہور نے ڈی ایس پیز اور ایجوکیشن یونٹ کو سکول انتظامیہ اور والدین کو آگاہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ والدین اپنی ذمہ داری کو سمجھیں اور بچوں کو محفوظ سواری فراہم کریں۔