جماالدین جمالی: عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کو 9 مئی کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردیا گیا، عدالت نے پولیس کی جانب سے ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے شاہ ریز کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔
شاہ ریز عظیم کو لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کے کیس کی سماعت خصوصی عدالت کے جج منظر علی گل نے کی ۔پولیس کی ملزم کے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی عدالت نے ملزم شاہ ریز خان کا 8 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اورملزم کو 30 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
ملزم شاہ ریز خان کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کیا گیا،ملزم شاہ ریز خان بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم کا بیٹا ہے۔
ڈی ایس پی آصف جاوید نے مقدمے کا ریکارڈ پیش کیا،ڈی ایس پی آصف جاوید نے عدالت کو بتایا کہ ملزم جناح ہاؤس حملہ کیس میں ملوث ہے۔ملزم کی پیشی کے موقع پر عدالت میں سخت سکیورٹی انتظامات تھے۔
ملزم کی جانب سے سلمان اکرم راجہ نے دلائل دئیے،ملزم کی جانب سے صدر ہائیکورٹ بار ملک آصف احمد نسوانہ نے بھی دلائل دیئے۔
ملک آصف احمد نسوانہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا پی ٹی آئی کے سیاسی معاملات سے کوئی تعلق نہیں ،ملزم شاہ ریز خان اس ملک کا مشہور ایتھلیٹ ہے۔
وکیل سلمان اکرم راجہ نے دلائل دئیے کہ بانی پی ٹی آئی کا بھانجا ہونے کی بنیاد پرگرفتار کیا گیا ،ملزم کو مقدمے مین 2سال کی تاخیر سے پیش کیا گیا ،ملزم کو مقدمہ سے ڈسچارج کیا جائے۔
علیمہ خان اور عظمی خان عدالت میں موجود تھیں جبکہ ملزم کے والد سہیل امیر خان بھی عدالت میں موجود تھے۔