(ویب ڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار محمود مولوی نے مار لیا۔
غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار محمود مولوی 29ہزار 475 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جب کہ ایم کیو ایم کے معید انور 13193 ووٹ لےکر دوسرے نمبر پر رہے۔
قومی اسمبلی کے حلقے میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا وقت صبح 8 بجے شروع ہوا جو کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہا۔حلقے میں مجموعی طور پر 263 پولنگ اسٹیشنز میں سے 201 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیکر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے تھے۔کسی بھی قسم کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، پولیس کے 2700 اہلکاروں کے علاوہ پاک فوج اور رینجرز اہلکار بھی تعینات کیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں 15 امیدوار مدمقابل تھے۔