( علی اکبر ) وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت ایوان وزیر اعلیٰ میں ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس، محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا، سردار عثمان بزدار نے مجالس اور جلوسوں کے لئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا، محرم الحرام کے دوران مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جلوسوں اور مجالس میں کورونا ایس او پیز کو ضرور ملحوظ خاطر رکھا جائے، کورونا پر جلد مکمل قابو پالیں گے لیکن احتیاط بے حد ضروری ہے، مجالس کے دوران ماسک کی پابندی لازمی کی جائے، ایس او پیز کی خلاف ورزی کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹ پر تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، محرم الحرام کے دوران صوبے میں قانون کی عملداری کو ہرصورت یقینی بنایا جائے، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے سدباب کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔ سوشل میڈیا کے ذریعے فرقہ واریت پھیلانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ اس موقع پر محکمہ داخلہ، محکمہ صحت اور ماہرین نے بریفنگ دی۔ اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جی او سی 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمٰن، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد عامر مجیداور دیگر عسکری حکام نے شرکت کی۔
صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پولیس، پرنسپل سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر، سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن، پروفیسر میاں محمد اویس، پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب @UsmanAKBuzdar کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کاخصوصی اجلاس: محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ۔
— Government of Punjab (@GOPunjabPK) August 22, 2020
▪︎مجالس اور جلوسوں کے لئے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت pic.twitter.com/9Y8KbINCi5