ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

 سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

کوئنز روڈ (عرفان ملک) سی سی پی او لاہور کی زیر صدارت محرم الحرام کے سلسلہ میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور شرپسندی کا مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے اور پی ٹی اے کے افسروں میں اطلاعات کی شیئرنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس مین ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان، ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر ونگ ڈی آئی جی عبدالرب، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر، ایس ایس پی آپریشنز لاہور فیصل شہزاد، ایس ایس پی سی ٹی ڈی اور لیگل چیف پی ٹی اے رانا اشفاق نے شرکت کی۔

 اجلاس کا بنیادی مقصد محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا کے ذریعے مذہبی منافرت و انتشار پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائیاں عمل میں لانا تھا، اجلاس میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد اپ لوڈنگ کی روک تھام بارے مختلف تجاویز کو زیر بحث لایا گیا اور سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی اور اس کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ایف آئی اے کی جانب سے نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کرنے والوں کو فوری نوٹسز جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی جبکہ اشتعال انگیزی پھیلانے والے یوٹیوب چینلز، فیس بک اکاؤنٹس اور ویب پیجز کو بند کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

  سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے سوشل میڈیا پر انتشار پھیلانے والوں کی نشاندہی کرتے ہوئے پرسنل فائل بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا  کہ شر انگیز اکاؤنٹس کی تفصیلات سی ٹی ڈی، ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے شئیر کی جائیں۔

واضح رہےکہ محکمہ داخلہ نےرواں سال ہونے والےکیسز کا ڈیٹا مرتب کرکےرپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی ،  محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال میں اب تک سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد شیئر کرنے کے 143 واقعات رپورٹ ہوئے، فیس بک پر فرقہ وارانہ مواد شیئرکرنے کےسب سےزیادہ کیسز رپورٹ ہوئے جن کی تعداد123 ہے، واٹس ایپ پر 13 جبکہ یوٹیوب پر 7 واقعات رپورٹ ہوئے، تمام واقعات میں سے77 کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہ لائی گئی جبکہ66 واقعات پرمقدمات درج کیے گئے۔ 

Sughra Afzal

Content Writer