عابد چودھری: ہربنس پورہ کے علاقے عامر ٹاؤن میں گزشتہ تین گھنٹوں سے بجلی کی طویل بندش نے شہریوں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے، خصوصاً گرمی کے باعث روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق متعدد بار شکایات درج کروانے کے باوجود لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی جانب سے تاحال بجلی بحال نہیں کی جا سکی۔ بجلی کی مسلسل بندش پر شہریوں میں تشویش اور غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔
صورتحال سے تنگ آ کر متاثرہ افراد لیسکو کے سب ڈویژن عامر ٹاؤن دفتر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے حکام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے فوری بجلی بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں بجلی کی عدم فراہمی ناقابل برداشت ہو چکی ہے اور متعلقہ حکام کو فوری طور پر نوٹس لے کر مسئلہ حل کرنا چاہیے۔
دوسری جانب لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے ابھی تک بندش کی وجوہات یا بحالی کے وقت کے حوالے سے کوئی واضح مؤقف سامنے نہیں آیا۔