سٹی 42:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ ہم پُرامن تھے اور پُرامن رہیں گے، ہمیں اُ کسانے کے باوجود دہشت گردوں کی طرح نہیں آئیں گے، ہم سیاسی لوگ ہیں۔پُرامن رہنے کی سزا بھی ہمیں مل رہی ہے، بانی پی ٹی آئی کی بہنیں جیل میں ہیں، ہمارے کارکن، سینیٹرز اور ارکان اسمبلی گرفتار ہوچکے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کو دھمکیاں دینے سے حالات بہتر نہیں ہوں گے، جب ہم اسلام آباد آئیں گے تو ہر طرف پاکستان کے جھنڈے ہوں گے اور پورا پاکستان ہمیں دیکھ کر خوش ہوگا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم اسلام آباد پر چڑھائی کرنے نہیں جا رہے، لا اینڈ آرڈر کو کبھی ہاتھ میں نہیں لیں گے۔ پارلیمنٹ، سینیٹ اور ہر فورم پر آواز اٹھائی لیکن کوئی نہیں سنتا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سینیٹرز اور وزرا کو کیوں گرفتار کیا گیا، کس بات پر گرفتاریاں ہوئیں؟ انصاف کے لیے آواز اٹھانا کیا جمہوری عمل نہیں؟
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاسی چیمپئن ہمیں بتائیں کہ احتجاج کے سوا ہم کیا کریں، ہم سیاسی لوگ ہیں اور بانی پی ٹی آئی کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔