(ویب ڈیسک) پاسپورٹ اپلائی سسٹم اور سروسز کو پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے منسلک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت سینئر افسران کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاسپورٹ سروسز کی فراہمی کو بہتر بنانے اور جاری ترقیاتی اقدامات کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں پاسپورٹ کے بروقت اجراء اور پراسیسنگ میں بہتری کے علاوہ اہم امور پر غور کیا گیا، اجلاس میں نادرا سینٹرز پر نئے پاسپورٹ اپلائی کرنے کے نظام کا جائزہ اور پاسپورٹ کی سہولیات کو ‘پاک آئی ڈی’ موبائل ایپ سے منسلک (مربوط) کرنے پر غور کیا گیا،اس کے علاوہ پاسپورٹ ڈیلیوری سروسز کے نظام کو مزید فعال اور تیز بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے متعلقہ افسران کو شہریوں کو درپیش آپریشنل مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور تمام عمل کو شفاف بنانے کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ، طریقہ کار کو آسان بنانے اور پاسپورٹ سروسز میں مسلسل جدت و بہتری کے ذریعے شہریوں کو زیادہ مؤثر، تیز اور سہل سہولیات فراہم کی جائیں گی۔