وقاص احمد: ایشیا کپ 2025 میں ایک ہفتے کے وقفے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک اور ہائی وولٹیج مقابلہ آج ہونے جا رہا ہے، جس کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے۔ میدان کے اندر کرکٹ کا جوش و خروش عروج پر ہے تو میدان کے باہر سٹے بازی کا بازار بھی گرم ہو چکا ہے۔
دبئی میں ہونے والے اس بڑے ٹاکرے میں سٹے بازوں نے بھارتی ٹیم کو جیت کے لیے فیورٹ قرار دے دیا ہے۔ بکیز کے مطابق بھارتی ٹیم کے جیتنے کے امکانات 82 فیصد ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم کے امکانات صرف 18 فیصد بتائے جا رہے ہیں۔ بھارت کی جیت پر ریٹ 1 روپے 23 پیسے، جبکہ پاکستان کی جیت پر 4 روپے 32 پیسے مقرر کیا گیا ہے۔
بکیز کا کہنا ہے کہ ایک ہفتہ قبل پاکستان کے خلاف جیت نے بھارتی ٹیم کو نفسیاتی برتری دلائی ہے، جبکہ پاکستانی ٹیم پر پچھلے میچ کی شکست اور اس کے بعد کے تنازعات کا دباؤ موجود ہے۔ ان کے مطابق سوریا کمار یادیو اور ابیشک شرما بھارتی ٹیم کی جانب سے بڑے اسکور کے لیے فیورٹ کھلاڑی سمجھے جا رہے ہیں، جبکہ پاکستان کی طرف سے فخر زمان اور افتخار احمد کو بہتر کارکردگی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی دوران، ماضی کی طرح اس بار بھی اس بڑے میچ پر اربوں روپے کا جوا کھیلے جانے کا امکان ہے۔ لاہور پولیس نے اس حوالے سے اپنی حکمت عملی تیار کر لی ہے تاکہ سٹے بازی کو روکا جا سکے اور بڑے سٹے بازوں کو گرفتار کیا جا سکے۔
ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے تمام ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ میچ کے دوران سٹے بازوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔ پولیس افسران کو کہا گیا ہے کہ وہ مشتبہ مقامات پر کڑی نگرانی رکھیں اور فوری ایکشن لیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق، پچھلے پاک بھارت میچ کے دوران جوا تو عروج پر تھا لیکن کوئی بڑا سٹے باز قانون کی گرفت میں نہیں آیا تھا۔ اس بار پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ اس نیٹ ورک کو توڑنے کے لیے مکمل پلاننگ اور ریکی کی جا چکی ہے۔
میچ کا آغاز جیسے ہی قریب آ رہا ہے، شائقین کرکٹ میدان کی کارکردگی کے ساتھ ساتھ میدان سے باہر کے ماحول پر بھی نظریں جمائے بیٹھے ہیں۔