( حافظ شہبازعلی ) چیمپئین آف چیمپئنز سنوکر ٹورنامنٹ میں عالمی چیمپئین محمد آصف کو سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، کھلاڑیوں اور آرگنائزرز نے سنوکر سرگرمیاں بحال ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔
کرکٹ، ہاکی اور فٹ بال کے بعد شہر میں سنوکر کلبز کی رونقیں بھی بحال ہونے لگیں ہیں۔ چیمپئین آف دی چیمپئنز سنوکر ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے آئے کیوئسٹ نے ایک دوسرے کو زیر کرنے کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا دیا۔ سیمی فائنل میں ورلڈ سنوکر چیمپئن محمد آصف کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سیمی فائنل مقابلے میں ورلڈ چیمپئین محمد آصف کو سیالکوٹ کے احسن جاوید سے اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ احسن نے شاندار سٹروک پلے کی بدولت میچ چارتین سے اپنے نام کیا۔ کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے احسن جاوید کا کہنا تھا کہ اس کامیابی سے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
ٹورنامنٹ آرگنائزرز کا کہنا تھا کہ کورونا کے بعد سنوکر سرگرمیاں بحال ہونے پر خوشی ہے۔ ٹورنامنٹ میں ملک کے ٹاپ 32 کیوئسٹ نے حصہ لیا۔ کیوئسٹس کا کہنا تھا کہ ایونٹ سے آئندہ ماہ ہونے والی رینکنگ چیمپئین شپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔