سٹی42: پنجاب پولیس کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران صوبے بھر میں بجلی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف مجموعی طور پر 75 ہزار 582 مقدمات درج کیے جا چکے ہیں۔
اب تک 51 ہزار 948 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ 50 ہزار 980 مقدمات کے چالان مکمل ہو چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق 11 ہزار سے زائد ملزمان کو عدالتوں سے سزائیں اور جرمانے بھی دلائے جا چکے ہیں۔
صرف لاہور میں بجلی چوری کے خلاف بڑی کارروائیاں دیکھنے میں آئی ہیں، جہاں 21 ہزار 697 مقدمات درج اور 26 ہزار 760 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے افراد کے خلاف ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے، تاکہ بجلی چوری جیسے سنگین جرم کا سدباب ممکن ہو سکے۔