وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات

علی اکبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ملاقات، بھارتی فوج  کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرأت و بہادری کو خراج تحسین۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزادر اور وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں شہری آبادی کو نشانہ بنا کر خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج  کی جانب سے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی گئی جبکہ بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرأت و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ عثمان بزدار اور شاہ محمود قریشی نے شہید لانس نائیک زاہد اور شہریوں کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ  پاک فوج نے بھارت کے کئی فوجی جہنم واصل کرکے بزدل دشمن کو سبق سکھایا ہے، پاکستان کی مسلح افواج وطن کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت کمربستہ ہیں، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے  پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے  22کروڑ عوام بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے جبکہ پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرکے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں شہری آبادی کو نشانہ بنا کر خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، شہری آبادی پر حملہ نہایت قابل مذمت فعل اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر انسانی اقدامات کرکے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکا  ہے

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے خلاف کشمیری جوانوں کی جدوجہد رنگ لائے گی، کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔  انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم کی انتہا کرکے سفاکیت کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔     

Shazia Bashir

Content Writer